سال 2019 کی پہلی فلم گم آج پاکستان کے سنیماﺅں میں ریلیز کر دی گئی ہے۔ رومانس، ایکشن اور سسپینس سے بھرپور اس فلم میں مرکزی کردار اداکار سمیع خان اور شمعون عباسی ادا کر رہے ہیں۔
اداکار سميع خان کی ایک دہائی بعد سینما اسکرین پر واپسی ہورہی ہے جبکہ ورسٹائل اداکار شمعون عباسی نے وانٹڈ کریمنل کا کردار نبھایا ہے۔
فلم پاکستان کے مختلف شہروں کی بڑی اسکرینوں پر ریلیز کی جارہی ہے۔اس فلم کو اب تک 8 بڑے عالمی فلم فیسٹیولز میں دکھایا جاچکا ہے اطلاعات کے مطابق فلم فیسٹیولز میں اس فلم کو خاطر خواہ پذیرائی ملی ہے۔
فلم گم کی کہانی ایک مجبور باپ اور خطرناک مجرم کے ٹکراﺅ پر مبنی ہے،جو مختلف حادثات کی بدولت ایک دوسرے کے آمنے سامنے آجاتے ہیں۔ فلم کی تصنیف اور ہدايت کاری میں عمارلاثانی کے ساتھ کنزا ضیا بھی شامل ہيں۔ فلم کی عکس بندی اسلام آباد کی مارگلہ اور اس سے ملحقہ وادیوں میں کی گئی ہے۔
فلمی پنڈتوں کے مطابق گم باکس آفس پر اچھا کاروبار کرنے میں کامیاب رہے گی۔
سال2019 میں آنے والی پاکستانی فلموں پر نظر دوڑائیں تو ہدایت کاربلال لشاری کی سب سے بڑی پنجابی فلم مولا جٹ کا ری میک دی لینجنڈز آف مولا جٹ عید پر ریلیز کی جارہی ہے۔اس فلم کے مرکزی کرداروں حمزہ علی عباسی،مائرہ خان،اور فواد خان شامل ہیں۔ جبکہ دیگر فلموں میں رانگ نمبر 2،باجی ،پرے ہٹ لو،ضرار اور سوری شامل ہیں۔