پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کے زیر اہتمام قدیم جاپانی شاعری ”واکا “کا پا کستانی کلاسیکی راگوں / کلاسیکی رقص سے ملاپ اور جاپانی فنِ آرائشِ گل ”اکےبانا “کے عملی مظاہرہ پر مبنی ثقافتی پروگرام کا انعقاد.
سوموار 16 دسمبر 2024ء کی شام قونصل خانہ جاپان، کراچی کے زیرِ سرپرستی پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن (پی۔جے۔سی۔اے) سندھ نے آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے اشتراک سے قدیم جاپانی شاعری ”واکا “کا پا کستانی کلاسیکی راگوں / کلاسیکی رقص سے ملاپ اورجاپانی فنِ آرائشِ گل ”اکےبانا “کے عملی مظاہرہ پر مبنی پروگرام کا انعقاد کیا۔ محترم ہاتّتوری ماسارُو ، قونصل جنرل جاپان، کراچی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اس تقریب کو رونق بخشی۔ جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض پی جے سی اے کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی رُکن محترمہ سمِیرا جاوید نے سر انجام دئیے۔
پی۔جے۔سی۔اے، سندھ کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے قونصل جنرل آف جاپان ، کراچی جناب ہاتتّوری ماسارُو کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی تشریف آوری نہ صرف ہماری عزت افزائی، بلکہ اس تقریب کی رونق میں اضافہ کا باعث بھی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن ، سندھ کے تحت علمی، ادبی، ثقافتی اور تعلیمی پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے جناب قونصل جنرل جاپان، کراچی ہماری جوپُر خلوص رہنمائی اور سرپرستی فرماتے ہیں، وہ انتہائی قابلِ قدر ہےانہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدر محمد احمد شاہ صاحب کا بھی بے حد شکریہ ادا کیا کہ ہمیشہ کی طرح ایک مرتبہ پھر انہوں نے اپنا دستِ تعاون بڑھایا ہے اور جاپانی قونصل خانہ کراچی کی سرپرستی میں پی ۔جے ۔سی۔ اے ، سندھ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد کے لیے سہولتیں فراہم کی ہیں۔
بعد ازاں محترم ہاتّتوری ماسارُو نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ وہ جاپانی ثقافت کے فروغ بالخصوص واکا شاعری سے لگاؤ اور اس کی خاطر خواہ پذیرائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واکا شاعری کو پیش کرنے کے لئے مختلف جہتوں جیسا کہ فنونِ لطیفہ کےمقامی ثقافتی رنگوں بالخصوص مقامی کلاسیکی شاعری اور کلاسیکل رقص سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پیش کرنے پر پی جے سی اے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ میں دونوں قوموں کے درمیان ثقافتی تبادلہ کے فروغ کو اب ایک نئے موڑ پر دیکھتا ہوں جو کہ دونوں قوموں کو مزید قریب لانے کا باعث ہے۔
محترمہ سعدیہ راشد؛ محترم قونصل جنرل اور محترم عظمت اتاکا ، نائب صدرِ اول، پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن نے اس پروگرام کے لئے جاپانی واکا شاعری کے انتہائی خوبصورت اُردو تراجم کرنے ؛ انہیں مقامی راگوں کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے سُر اور ساز میں ڈھالنے ؛ انہیں بصورتِ گائیکی پیش کرنے؛ اس گائیکی کو اپنے رقص کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کرنے؛ اور شاعری، موسیقی، رقص کو اپنے فن کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے فنِ آرائشِ گُل ”اکے بانا“ کا عملی مظاہرہ کرنے پر بالترتیب شہزاد نیاز (واکا مترجم)؛ استاد محبوب علی خان (موسیقار و گلوکار)؛ کیتھرین شاد اور معید فاروقی (گلوکار)؛ محترمہ شیما کرمانی (پاکستانی کی صفِ اول کی کلاسیکل رقص فنکارہ) اور پروفیسر آصفہ اتاکا (جاپانی آرائشِ گُل ””اکے بانا “کی ماہر) کی فنی مہارتوں کو سراہتے ہوئے ستائش و شکریہ کا اظہار کیا۔
مختلف جہتوں اور مقامی ثقافتی رنگوں کی آمیزش لئے جاپانی ثقافت کا یہ پروگرام حاضرین و شائقین کے لئے انتہائی دلچسپی کا باعث تھا ا۔ اس پروگرام کے بارے میں شائقین کے ستائشی تاثرات قابلِ دید تھے۔ شائقین نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ ، آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی اور قونصل خانہ جاپان ، کراچی کو اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔
ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی
پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ
16 دسمبر 2024ء