اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی وی کرپشن کیس کی سماعت کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی کے وکیل سے استفسار کیا شریک ملزمان کی کیا پوزیشن ہے جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ شاہد مسعود قید ہیں جب کہ دیگر ملزمان ضمانت پر ہیں اور پیسے واپس کر رہے ہیں۔
وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ ملزم کاشف ربانی نے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے واپس کیے جب کہ ملزم روشن مصطفیٰ گیلانی نے 80 لاکھ روپے واپس کیے۔
پی ٹی وی کرپشن کیس: عدالت نے شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھیج دیا
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا شریک ملزمان کی ضمانت میرٹ پر ہوئی یا پیسے واپس کر کے جس پر وکیل نے کہا میرٹ پر نہیں بلکہ پیسے واپس کر کے ان کی ضمانت ہوئی ہے۔
ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی وی کرپشن کیس میں تحقیقات مکمل ہیں لیکن چالان ابھی جمع نہیں ہوا جب کہ ملزم شاہد مسعود کے پیسے لینے کے کوئی ثبوت نہیں ملے اور نہ ہی گواہی آئی۔
جس کے بعد عدالت نے اینکر شاہ مسعود کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی وی کرپشن کیس کے ملزم شاہد مسعود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق صدر آصف زرداری نے شاہد مسعود کو چیئرمین پی ٹی وی لگایا تھا، ان پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کرنے کا الزام ہے۔