ملک بھر میں آج 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی اقدام کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔
یوم استحصال کشمیر کے دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔
بھارتی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو کشمیریوں سے ان کے رہے سہے حقوق بھی چھین لیے تھے۔اس دن بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے تین ٹکڑے کر دیے گئے تھے اور مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت بھی
ختم کر دی گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے، جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے بھارت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو واپس لے۔یوم استحصال پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کمزور کرنے کیلئے 5 سال قبل یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کئے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔صدرپاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیلئے بھی بھارت پر زور ڈالیں۔
یوم استحصال کشمیر پر مسلح افواج کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسزکی مقبوضہ کشمیرمیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، بھارت کے غیرمنصفانہ اقدامات اور ریاستی جبر علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے، خطے میں پائیدار امن کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل میں ہے، پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیرمعمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں
حمایت جاری رکھیں گی۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے،اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے،کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی حمایت کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہیں۔ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے غیر قانونی الحاق کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر دیا، کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا اور علاقے کا فوجی محاصرہ کر دیا۔