اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کے لیے عمران احمر کا نام تجویز کردیا جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے۔
ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے مشتاق مہر، غلام قادر تھیبو اور کامران فضل کے ناموں پر اعتراض کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کے مکمل اتفاق کے بعد ہی نیا آئی جی سندھ تعینات ہوگا۔
دوسری جانب دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کی تعیناتی کے معاملے میں وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔
ان کے مطابق سندھ حکومت آئی جی سندھ کی تعیناتی کے معاملے پر گورنر سندھ سے مشاورت نہیں کرے گی۔
سندھ حکومت کا اس حوالے سے مؤقف ہے کہ آئی جی سندھ کی تقرری انتظامی معاملہ ہے، آئین و قانون میں گورنر سے مشاورت کا ذکر نہیں۔
حکومت سندھ کے مطابق کسی صوبے میں آئی جی سندھ پولیس کو ہٹانے تقرری کے لیے گورنر سے مشاورت نہیں ہوئی۔