وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام رکنے کے دعوؤں کی تردید کر دی۔
اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھاکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں سی پیک پربات ہوئی، جب اخبارات پڑھے تو حیرت ہوئی، حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن بارہا کہا کہ سی پیک پرمحتاط ہوکربات کریں، یہ پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ سی پیک میں توانائی شعبے پر سب سے زیادہ کام کیا گیا، پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد توانائی کے 5 ہزار864 میگاواٹ منصوبے مکمل ہوئے، 1824 میگاواٹ منصوبے اس دورحکومت کے بعد مکمل ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ چینی سفیرنے انہیں بتایا کہ 3 سال میں سی پیک پرکچھ نہیں ہوا، سی پیک کا بیڑاغرق کردیا گیا، اس پرمعاون خصوصی خالد منصور نے کہا تھا کہ وہ سی پیک پر کام کی سست رفتاری کا اعتراف کرتے ہیں۔