سابق صدر کا کہنا ہے کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے،آصف علی زرداری نے حکومت کو مشورہ دیا کہ پہلے لوگوں کو امیر کرو پھر ٹیکس لگاؤ ،غریبوں کا خون نچوڑنے سے کچھ نہیں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت میں توسیع کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلے کی اور آج کی ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں ہے، جس کے پاس پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کر لے گا۔
اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ عید کے بعد پارلیمنٹ میں نہیں سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
مزید پڑھیں: ملک میں نیب چلے گا یا معیشت چلے گی، دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ آصف زرداری
بلاول کی نیب میں طلبی کے سوال پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلاول میرا اور بی بی کا بیٹا ہے اسے بھی انگاروں پر چلنا پڑے گا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ جیلوں سے نہیں ڈرتے تو ضمانت کیوں کراتے ہیں؟ اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ ضمانت انکا جمہوری حق ہے۔ آصف زرداری نے سوال پوچھنے والے صحافی سے ازراہ مذاق یہ بھی کہہ دیا کہ آپ کو بھی ساتھ لے جائوں؟ آپ کا بھی نام دیتا ہوں، آپ کی ضمانت نہیں کراؤں گا۔
مزید پڑھیں : معیشت اور نیب ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں لیکن نیب اورکرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ چیئرمین نیب
سابق صدر آصف علی زرداری نے علیم خان کو ضمانت پر رہائی پر مبارک باد بھی دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علیم خان کی ضمانت پر رہائی خوش آئندہ ہے،سیاست میں مقابلہ سیاسی میدان میں ہوتا ہے۔