ایف بی آر نے شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کوبھی اثاثے ظاہرکرنے کا مشورہ دے دیا۔
ایف بی آرحکام نے ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں آگہی مہم تیزکرتے ہوئے اس سلسلے میں کراچی میں ماڈلز اور شوبز شخصیات کے لیے آگہی سیشن کا اہتمام کیا۔ ریجنل ٹیکس آفس کراچی میں آگہی سیشن میں شوبز شخصیات کو ایمنسٹی اسکیم کی افادیت، طریقہ کار اور ٹیکس وجرمانے کی شرح سےآگاہ کیا گیا۔
چیف کمشنران لینڈ ریونیو بدرالدین احمد قریشی نے اپنی ٹیم کے ساتھ شوبزسے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایمنسٹی اسکیم سے متعلق سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا اس آگاہی مہم سے ایمنسٹی اسکیم کونتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔ جب کہ جائیداد چھپانے والےفنکاروں کو بھی تادیبی کارروائی کا سامنا ہوگا۔
سیشن میں شریک شوبز شخصیات نے کہا کہ عوام کی طرح فنکار بھی اپنی آمدن اور اخراجات پرٹیکس ادا کررہے ہیں، اثاثے چھپانے والوں کو ایمنسٹی سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ایف بی آر حکام نے یقین دلایا کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کوہراساں نہیں کیا جائے گا۔ فنکاروں نے ایف بی آر پرعوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔