ورلڈکپ کے آخری دو گروپ میچزآج کھیلے جارہے ہیں، ہیڈنگلے لیڈز میں بھارت کا میچ سری لنکا سے ہے جبکہ اولڈٹریفرڈ مانچسٹرکے ڈے نائٹ میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا ٹکراؤ ہوگا، میچزکے نتائج پرسیمی فائنل حریف بدل سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں آج آخری دوگروپ میچزکھیلے جارہے ہیں، ہیڈنگلے لیڈز میں بھارت اورسری لنکا کا مقابلہ ہوگا، بھارتی ٹیم نے 8 میچوں میں 6 جیتے ایک بارش کی نذرہوا،13 پوائنٹس کے ساتھ بھارت پوائنٹ ٹیبل پردوسرے نمبر پرہے جبکہ سری لنکا نے 8 میچوں میں 3 جیتے 3 ہارے، 2 بارش کی نذرہوئے، وہ 8 پوائنٹس لے کر6 نمبر پرآیا۔
اولڈٹریفرڈ مانچسٹرکے ڈے نائٹ میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا سامنا جنوبی افریقا سے ہوگا، کینگروز ٹیم 8 میچوں میں 6 فتوحات اورایک ناکامی سے 14 پوائنٹس حاصل کیے اور پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ پوزیشن پرفائز ہے۔جنوبی افریقانے 8 میچوں میں صرف 2 جیتے، 5 ہارے 5 پوائنٹس کے ساتھ وہ نویں پوزیشن پرہے۔ پروٹیز کی اپ سیٹ فتح آسٹریلیا کو ٹاپ سے دوسری پوزیشن پرپہنچاسکتی ہے، جس سے سیمی فائنل کے حریف بدل جائیں گے۔
موجودہ پوزیشن برقراررہنے پر9 جولائی کو پہلا سیمی فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اور 11 جولائی کو دوسراسیمی فائنل بھارت اورانگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ تاہم آسٹریلیا کے نمبردو بننے پربھارت پہلے میچ میں نیوزی لینڈ جبکہ آسٹریلیا دوسرے میں انگلینڈ سے ٹکرائے گا۔