ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے لیے انٹرویوز آج ہوں گے، مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنایا گیا تو کسی بیٹنگ کوچ کاتقرر نہ کیے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، رکن گورننگ بورڈ اسد علی خان، سابق کپتان انتخاب عالم اور سابق کرکٹر و کمنٹیٹر بازید خان پر مشتمل 5 رکنی پینل آج امیدواروں کی اہلیت کا جائزہ لے گا۔
آج ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کیلیے انٹرویوز مکمل کرنے کے بعد اگلے مرحلے میں بیٹنگ، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کا معاملہ دیکھا جائے گا، قومی ٹیم میں ہیڈ کوچ کیلیے مصباح الحق فیورٹ سمجھے جارہے ہیں، محسن خان اور ڈین جونز نے بھی درخواست جمع کروا رکھی ہے، وقار یونس بولنگ کوچ کیلیے امیدوار ہیں، محمد اکرم اور جلال الدین بھی اس عہدے کو سنبھالنے کی آس لگائے بیٹھے ہیں، معلوم ہوا کہ یاسر عرفات بھی بولنگ کوچ کیلیے امیدوار کے طور پر اپنا نام درج کروا چکے ہیں۔
بیٹنگ کوچ کیلیے محمد وسیم اور فیصل اقبال نے بھی درخواست جمع کروارکھی ہے۔ دوسری طرف ذرائع سے یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ اگر مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنایا گیا تو کسی بیٹنگ کوچ کا تقرر نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے، یہ ذمہ داری بھی سابق کپتان خود ہی نبھا سکتے ہیں۔