سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بے گناہ شہری کو 3 سالہ نواسے کے سامنے شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم سی) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ بارہ مولا میں بھارتی فورسز نے بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سن نواسے کے سامنے بے گناہ شہری پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کا نشانہ بننے والے بے گناہ شہری کے بیٹے اور بیٹی نے انصاف کی اپیل کر دی۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ دہشت گرد بھارتی فوج کے مظالم دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں اور مودی حکومت نے موت کو ایک کھیل بنا دیا ہے۔ اس طرح کے مظالم کا سن کر دل کانپ جاتے ہیں۔
دوسری جانب مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کر دیا۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے 25 ہزار ڈومیسائل بھارتی شہریوں کو دینے کے اقدام کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا تین روز قبل اپنی بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت اپنے شہریوں کو بوگس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دے رہا ہے، اس کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ بھارت اس اقدام کا اہل نہیں۔