اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کے سہولیات سے محروم ہونے کا عندیہ دے دیا۔
ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ کورونا وبا سے بچنے کےلیے ویکسی نیشن لازم ہے اور 30 ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کو بہت سی سہولیات نہیں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے مقابلہ بڑا صبر آزما تجربہ ہے، پاکستانی عوام نے جرات اور دلیری سے کورونا کا مقابلہ کیا ہے، ہم نے اس وبا کے ساتھ جینا سیکھنا بھی ہے اور شکست بھی دینی ہے۔
وفاقی وزیر نے اپیل کی کہ عوام ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے کے لیے کسی میسج کا انتظار نہ کریں۔
ویکسین نہ لگوانے والے کن سہولیات سے محروم ہوسکتے ہیں؟
واضح رہےکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے اعلان کیا جاچکا ہےکہ ویکسین نہ لگوانے والوں پر یکم اکتوبر سے فضائی سفر پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ جو لوگ کورونا کی ویکسین نہیں لگوائیں گے وہ شادی کی تقریبات اور شاپنگ مالز میں بھی نہیں جاسکیں گے۔
ان افراد کو ڈائن ان اور ڈائن آؤٹ کی اجازت بھی نہیں ہو گی اور انہیں ہوٹل یا گیسٹ ہاؤس میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔