اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر کچھ ایسی شکایات زیرِ گردش ہیں جن کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ’’ سی ایم فلڈ ریلیف فنڈ‘‘ میں عوام سے عطیات قبول نہیں کیے جا رہے ہیں۔
اس تناظر میں اسٹیٹ بینک کے پوچھنے پر متعلقہ بینکوں نے آگاہ کیا ہے کہ ایسی شکایات بے بنیاد ہیں کیونکہ وہ تمام ممکنہ ذرائع (بشمول او ٹی سی کیش ٹرانزیکشن، آن لائن منتقلیوں اور بین الاقوامی اور مقامی کریڈٹ کارڈ منتقلیوں سمیت) سے ’’ سی ایم فلڈ ریلیف فنڈ ‘‘ میں عطیات قبول کر رہے ہیں۔
متعلقہ بینکوں نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ ان اکاؤنٹس میں روزمرہ بنیادوں پر خاصی تعداد میں ٹرانزیکشنز انجام دی جارہی ہیں۔
بینکوں نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے عظیم مقصد میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ امداد دینے والے افراد کو اگر اس حوالے سے کسی مشکل کا سامنا ہے تو وہ اپنی شکایات متعلقہ بینک کے پاس جمع کرا سکتے ہیں یا اسٹیٹ بینک سے اس درج ذیل لنک پر رجوع کر سکتے ہیں۔