ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شمالی علاقوں سے آنے والا سیلاب آئندہ کچھ روز میں سندھ میں داخل ہوگا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہم ہائی الرٹ ہیں۔
مرتضی وہاب نے بتایا کہ آئندہ کچھ روز میں دریائے سندھ میں 6 لاکھ کیوبک فٹ فی سیکنڈ بہاؤ کا سیلاب متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں 30 سال کی تاریخ میں معمول سے چار سو چھیاسٹھ فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے چار سو بچوں سمیت گیارہ سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔