پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کو حالیہ تنازع میں بیشتر ساتھی فنکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ساتھ ہی گھریلو تشدد کی پُرزور مخالفت کی جا رہی ہے۔
جیو کے مشہور ڈرامہ سیریل ’خانی‘ کے اداکار ملک عماد اپنے ساتھی اداکار فیروز خان کے حق میں بول پڑے۔
انہوں نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر گزشتہ روز ٹوئٹ کرتے ہوئے درخواست کی کہ ’ہر کوئی اپنی رائے اپنے تک محدود رکھے، معاملہ عدالت میں ہے، اس لیے عدالت کو ہی فیصلہ کرنے دیا جائے کہ کون حق پر ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’عدالت میں پیش کیے گئے تشدد کے چند دستاویزی شواہد جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں صرف 5 ہزار کے عوض ایک گھنٹے میں جعلی بنوائے جاسکتے ہیں۔ اس لیے یہ نہ کہیں کہ اس (علیزے سلطان) کے پاس ثبوت ہیں‘۔
انہوں نے مزید درخواست کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم کوئی بھی فیصلہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ کسی شخص کی زندگی کی تباہی کا باعث بن سکتا ہے، شکریہ۔