وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 3 جون کو انقرہ میں ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطاق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف 28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو مبارک باد دیں گے۔
وزیراعظم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متنوع اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری مزید بڑھانے کے لیے ترک صدر کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد، علاقائی و عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوئے ہیں۔
قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتوں کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
خیال رہے کہ 28 مئی کو ترکیہ میں ہونے والے انتخابات میں ترکیہ کی اپوزیشن کے خواب اس وقت چکنا چور ہوگئے تھے جب صدر رجب طیب اردوان نے اپنی دو دہائیوں سے جاری حکمرانی کو 2028 تک بڑھانے کے لیے تاریخی رن آف الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کی تھی۔