ٹائی ٹینک کے صدی پرانے ملبے کے اوپر سمندر میں لاپتا ہوجانے والی سیاحوں کی آبدوز میں سوار 2 پاکستانیوں سمیت پانچوں مسافروں کی ہلاکت کا اعلان کردیا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ آبدوز کے مالک نے کہا ہے کہ اس میں سوار افراد اب نہیں رہے، سی این این نے اوشین گیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ہمیں جانی نقصان کا بہت افسوس ہے۔
بعد ازاں یو ایس کوسٹ گارڈ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
آبدوز کے مسافروں میں برطانوی ارب پتی اور مہم جو 58 سالہ ہمیش ہارڈنگ اور پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت 48 سالہ شہزادہ داؤد اپنے 19 سالہ بیٹے سلیمان کے ساتھ شامل ہیں جو دونوں برطانوی شہری ہیں، جبکہ فرانسیسی سمندری ماہر اور ٹائٹینک کے معروف ماہر پال-ہینری نارجیولیٹ، 77، اور اوشن گیٹ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو اسٹاکٹن رش بھی اس میں موجود تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی داؤد خاندان سمیت دیگر متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
سی این این اوشین گیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ اب ہمیں افسوس کے ساتھ یقین ہے کہ ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش، شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد اور ہمیش ہارڈنگ اب زندہ نہیں رہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ افراد حقیقی متلاشی تھے جن میں مہم جوئی کا گہرا جذبہ تھا، ان المناک لمحات میں ہمارے دل ان پانچوں افراد اور ان کے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا یہ ہمارے محنتی ملازمین کے لئے انتہائی افسوسناک وقت ہے جو اس نقصان پر سخت نڈھال اور شدید غمگین ہیں۔
اوشین گیٹ کا یہ بیان سامنے آنے چند منٹ قبل ہی یو ایس کوسٹ گارڈ نے کہا تھا کہ آبدوز کی تلاش کے دوران روبوٹ کو’ملبہ ’ ملا ہے اور کہا کہ ماہرین معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں۔