کراچی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں فیل ہونے والے انٹر کے طلبا کی اسکروٹنی فیس خود دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرسال اول کے نتائج پرطلبہ تاحال سراپااحتجاج ہیں ، اب گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی طلبہ کی آواز بن گئے ہیں۔
کراچی کے طلباء کو میٹرک اور انٹر میں فیل کرنے کے معاملے کی انکوائری کرنے گورنر سندھ خود انٹر بورڈ پہنچے، چئیرمین انٹر بورڈ سے ملاقات میں نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی رپورٹ طلب اور ذمے داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کردی ، اسکروٹنی فیس بھی خود دینے کا اعلان کردیا۔
گورنرسندھ نے کراچی کےسرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سے رابطہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہےکہ جن کالجز کے پرنسپلز اپنے طلبہ کے نتائج سے مطمئن نہیں وہ اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ سے رجوع کریں، تاکہ طلبہ کی جائزشکایات کا ازالہ کیا جائے۔
گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی بیس روز میں پیپرز کی مکمل اسکروٹنی کروائیں گے اسکروٹنی کا عمل شفاف ہوگا، جس کی غلطی ہوگی اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔