کراچی سمیت سندھ میں انٹر کےامتحانات کے دوران انتظامیہ نقل مافیا کو روکنے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔آج ہونے والا فزکس کا پرچہ پچاس منٹ پہلے سوشل میڈیا پر جاری ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آج پرچہ شروع ہونے سے پچاس منٹ پہلےہی سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔ حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔
یاد رہے 27اپریل کو کیمسٹری کاپرچہ آئوٹ بھی وقت سے پہلے آؤٹ ہوگیا تھا۔ پرچہ امتحانی مراکز پر پہنچنے سےپہلےہی نقل مافیا تک پہنچ گیا۔ انٹر کا کیمسٹری کا پرچہ شروع ہونے سے پچاس منٹ پہلے سوشل میڈیا کی زینت بنا۔ یہی نہیں بلکہ کیمسٹری کے پرچےکے حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پر موجود تھے۔
سندھ بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل مافیا کا راج بدستور برقرار ہے اور پرچے کمرہ امتحان میں پہنچنے سے قبل سوشل میڈیا پر آؤٹ ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل بھی سکھر بورڈ کے زیرانتظام گھوٹکی میں 22 اپریل کو ہونے والا کمیسٹری کا پرچہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر500 میں فروخت کیا جاتارہا اور سوشل میڈیا پر بنائے گئے گروپس میں بھی دستیاب تھا۔
سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں ہائی اسکول ڈہرکی اور ڈگری کالج میرپورماتھیلو سے کیمسٹری کا پرچہ آؤٹ ہوا۔ انتظامیہ ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود نقل کی روک تھام میں ناکام اور بوٹی مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔