وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکہ نے کچھ وجوہات کی بنا پر وزارت داخلہ کے تین افسران پر وزٹ ویزا کی پابندی لگائی ہے، مگر پاکستان پر کوئی ویزا پابندی نہیں لگائی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان پرامریکی ویزہ پابندی کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ نے وزارت داخلہ کے تین افسران کے خلاف کچھ وجوہات کی بنا پر وزٹ ویزہ کی پابندی لگائی گئی، پابندی کا شکار افسران میں جوائنٹ سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹ شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکا غیرقانونی طور پر مقیم ستر پاکستانیوں کو کل ڈی پورٹ کرے گا، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان انہیں قبول کرے لیکن ہم نےانہیں قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کا کہا ہے۔
وزیر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزارت خارجہ میں تین سال کی مدت ملازمت کو کارکردگی سے مشروط کردیا ہے، وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید فعال اور بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اگر امریکا پانچ سال کا ویزا دے گا تو پاکستان بھی پانچ سال کا ویزا دے گا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات چل رہے ہیں، جس میں پاکستان سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے۔