اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ ان کے لیے تمغہ امتیاز کا اعلان کیے جانے کامطلب ہے کہ وہ انڈسٹری میں اچھاکام کررہی ہیں۔
اداکارہ مہوش حیات کو انٹرٹنمنٹ انڈسٹری میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے پاکستان کے چوتھے بڑے سول اعزاز تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مہوش حیات نے اتنا بڑا اعزاز اپنے نام کیے جانے کے اعلان پر کہا میں یہ خبر سن کر بے حد خوش ہوں کہ صدر پاکستان نے مجھے اتنے بڑے سول اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتنا بڑا سول اعزاز ملنے کا مطلب ہے کہ میں یقیناً انڈسٹری میں کچھ اچھا کررہی ہوں اس لیے مجھے یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
مہوش حیات نے مزید کہا کہ میں نے بہت پہلے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں صرف اپنے ملک میں ہی کام کروں گی اوراپنی انڈسٹری کی بہتری کے لیے کام کروں گی اور آج مجھے انڈسٹری کے لیے کام کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکیلی اس اعزاز کی حقدار نہیں بلکہ وہ اس اعزاز کو اپنے ہدایت کار، پروڈیوسر، ساتھی اداکار، مصنف ، ٹیکنیشنز ، میک اپ آرٹسٹ اور اسپوٹ بوائز کے ساتھ بھی شیئر کریں گی۔
واضح رہے کہ مہوش حیات، سجاد علی اور عطا اللہ عیسیٰ خیلوی سمیت شوبز ودیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات کو 23 مارچ کو سول اعزازسے نوازا جائے گا۔