معروف اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے مقبول ڈرامہ سیریل “عشق مرشد” کا گانا لکھا تھا لیکن اُنہیں کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے جویریہ سعود نے کہا کہ میں نے کئی پاکستانی ڈراموں کے ٹائٹل ٹریک لکھے ہیں لیکن مجھے کبھی کسی کا کریڈٹ نہیں دیا گیا،مجھے اپنے ہی دوستوں سے دھوکہ ملا، دوستوں کے دھوکے سے ہی انسان سیکھتا ہے اور مجھے اس بات کا کوئی پچھتاوا نہیں کہ مجھے میرے کام کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
جویریہ سعود نے کہا کہ میں نے مقبول ڈرامہ سیریل”خدا اور محبت” کا پہلا سیزن پروڈیوس کیا تھا جبکہ اس کا گانا بھی میں نے ہی لکھا تھا،اس کی مقبولیت کی وجہ سے دوسرے سیزن میں بھی میرا لکھا گیا گانا شامل کیا گیا تھا،بعد میں اس ڈرامے کے او ایس ٹی میں کچھ تبدیلی کرکے گانے کا کریڈٹ میرے بجائے کسی دوسرے فنکار کو دے دیا گیا اور جب میں نے شکوہ کیا تو مجھے کہا گیا کہ اگر گانا مقبول نہیں ہوتا تو آپ شکوہ نہیں کرتیں اور اب گانا مقبول ہوگیا ہے تو آپ کریڈٹ مانگ رہی ہیں۔
جویریہ سعود نے کہا کہ میں نے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل “عشق مرشد” کا گانا بھی لکھالیکن مجھے اس کا کریڈٹ بھی نہیں دیا گیا،اس کے علاوہ میں نے دیگرکئی ڈراموں کے بھی ٹائٹل ٹریک لکھے ہیں لیکن مجھے کبھی کسی کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔