ناظم آباد نمبر 3 عید گاہ گراؤنڈ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 ڈاکو مارے گئے۔
ناظم آباد کے علاقے میں اہلکار گشت پر معمور تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔
پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل چلانے والا پولیس کانسٹیبل سینے میں گولی لگنے سے نیچے گر پڑا جبکہ اس کے ساتھی اہلکار نے ملزمان پر سرکاری اسلحہ سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو مارے گئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی موٹرسائیکل سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس اہلکار کی شناخت 26 سالہ سید ذیشان کے نام سے ہوئی جبکہ مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت باسط اور حبیب ولد ہیبت خان کے نام سے کی گئی جن کا آبائی تعلق بلوچستان کے علاقے خضدار سے ہے۔
مقتول پولیس اہلکار ناظم آباد کا رہائشی اور 3 بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ اس کا نکاح ہوچکا تھا اور ایک ماہ بعد اپنی اہلیہ کو رخصت کر کے گھر لانا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکوؤں کا 6 رکنی گروہ ہے جو 125 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ گروہ بیشتر وارداتیں ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کرتا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ان کی وارداتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔