الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پیپلز پارٹی کو 48 گھنٹوں میں ریکارڈ مہیا کرنے کاحکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا،اسکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی سے ڈونرز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ایک سوال نامہ بھی دیا، پیپلز پارٹی کو حکم دیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو 48 گھنٹوں میں ریکارڈ مہیا کرے۔
پیپلز پارٹی کو دیئے گئے سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ سالانہ گوشواروں کے علاوہ اگر کوئی پارٹی اکاؤنٹس ہیں تو ان کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے، سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ اگر پارٹی کے بیرون ملک اکاؤنٹس ہیں تو 2013 اور 2015 کے گوشواروں میں وہ تفصیلات ظاہر کی گئیں یا نہیں، ڈونرز اور فنڈز فراہم کرنے والے افراد کے شناختی کارڈز کی کاپیاں فراہم کی جائیں ور اگر امریکا سے رقوم آئی ہیں تواس کی تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے نون لیگ کو بھی سوالنامے تھماتے ہوئے کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کردی ہے۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ نون لیگ کی بیرون ملک ایسی کوئی کمپنی رجسٹرڈ نہیں کرائی گئی جیسی تحریک انصاف کی ہے ، پی ٹی آئی کی درخواست چورکی داڑھی میں تنکا کے برابر ہے،ایسی درخواستیں اپنے احتساب سے بچنے کے لئے دی جا رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نون لیگ نے ہمیشہ راہ فرار اختیار کیا ، ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔