پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہیٰ کی اٹک جیل میں اچانک طبیعت خراب ہوگئی، جس پر انہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تھری ایم پی او کے تحت اٹک کی ڈسٹرکٹ جیل میں قید تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی اچانک طبعیت خراب ہوگئی، اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو چیک اپ کے لیے پمز اسلام منتقل کیا گیا ہے، اور پولیس کا قافلہ انہیں لے کر ڈسٹرکٹ جیل سے اسلام آباد روانہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا تھا، تاہم وہ جیسے ہی لاہور ہائی کورٹ سے نکل کر کینال روڈ پہنچے تو انہیں اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔
پولیس اہلکاروں نے پرویزالہیٰ کو ہاتھوں اور ٹانگوں سے پکڑ کر اٹھایا، گاڑی میں بٹھایا اور انہیں لے کر چلی گئی۔
حکام کے مطابق پرویزالہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت 15 روز کیلئے گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں 15 دن کیلئے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا، لیکن رات گئے انہیں اٹک جیل پہنچا دیا گیا۔