سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے لیگی رہنما کوٹ لکھپت جیل پہنچنا شروع ہوگئے۔
لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جمع ہیں اور پارٹی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے جو اپنے قائد سے جیل میں ملاقات کریں گے۔
کوٹ لکھپت جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر ہے اور صرف فہرست میں شامل افراد کو ہی ملاقات کی اجازت ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمارے قائد نواز شریف کو سرخرو کردیا ہے، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا اور بہت جلد نواز شریف اور شہباز شریف قید سے باہر عوام میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی 7 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔