آئی سی سی نے اپنے ایونٹ کا نام تبدیل کردیا، ورلڈ ٹوئنٹی 20اب ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کہلائے گا۔
مینز ایونٹ کا آئندہ ایڈیشن 2020 میں آسٹریلیا میں منعقد ہونا ہے، جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی مختصرفارمیٹ کے اس ایڈیشن کو پہلے ہی اپنا الوداعی ٹورنامنٹ قرار دے چکے ہیں، ویمنز ایونٹ بھی آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کہلائے گا، آئی سی سی بورڈ اپنے تمام ممبران کو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کا استحقاق دے چکا ہے، جس کے تحت اگلے ورلڈ کپ کیلیے شروع کردہ کوالیفائنگ مرحلے میں تمام 104 ممالک کو شرکت کا موقع ملا ہے جب کہ دنیا بھر کی ٹیموں کے کپتانوں نے آئی سی سی کے فیصلے کو سراہا ہے۔
ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم سردست ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے،کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 کا نام بدل کر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کرنے سے یقینی طور پر اس کی ساکھ اور قدر بڑھے گی۔ یہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ ایونٹ ہوتا ہے، نام کی تبدیلی سے یقینی طور پر اس کی شناخت زیادہ بہتر ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹی 20 انٹرنیشنل میں دنیا کی بہترین سائیڈ اورہمیں پورا یقین ہے کہ 2 برس بعد آسٹریلیامیں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ہم زیادہ بہتر اور مضبوط انداز میں سامنے آئیں گے، اگلے برس انگلینڈ میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ کے بعد ہماری پوری توجہ کا محور پھر مختصرفارمیٹ کا یہی ایونٹ ہوگا، ہم یقینی طور پر ایک اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنانا چاہیں گے۔