ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک بھر میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے جبکہ سندھ میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا۔
کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے احتیاط کریں۔
آج کراچی کا درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے تاہم منگل سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ گزشتہ روز بھی ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقہ بگروٹ میں 27 ملی میٹر، چلاس میں 07 ملی میٹر، استور 04 ملی میٹر اور کالام میں 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع جیکب آباد 48 ڈگری سینٹی گریڈ، سکھر 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بلوچستان کے اضلاع لسبیلا اور سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں نے غیر ضروری باہر نکلنے سے احتیاط کیا جبکہ گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔
واضح رہے رواں ماہ کے آغاز پر کراچی میں شدید گرمی رہی جبکہ یکم مئی کو سال کا گرم ترین دن قرار دیا گیا تھا جس میں شہر قائد کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 30 اپریل سے 3 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا زور رہا تھا تاہم محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کراچی میں دوبارہ ہیٹ ویو نہ ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔