ملکی تاریخ میں پہلی بار ای کورٹس سسٹم کا آغاز ہوگیا ہے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ای کورٹ مقدمے کی سماعت کررہا ہے۔
سپریم کورٹ میں ای کورٹ سسٹم کے تحت باضابطہ مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگیا ، اس طرح پاکستان کی عدالت عظمیٰ ای کورٹ سسٹم رکھنے والی دنیا کی پہلی سپریم کورٹ بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ای کورٹس سسٹم کا آغاز پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نادرا چئیرمین اور ڈی جی کی کاوشوں کو سراہا اور آئی ٹی کمیٹی کے اراکین سمیت جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مشیر عالم کو خراج تحسین کیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ای کورٹس سسٹم ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑا قدم ہے، ای کورٹ سے کم خرچ میں فوری انصاف ممکن ہوگا۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ میں ای کورٹ سسٹم کاپہلی بارآغاز ہوا، ای کورٹ سے سائلین پرمالی بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ ویڈیو لنک کے ذریعے شروع کیے جانے والے اس ای کورٹ سسٹم میں ابتدائی سماعت ضمانت قبل ازگرفتاری سمیت دیگر فوجداری اپیلوں کی سماعت کی جائی گی۔
ای مقدمات کی سہولت ابتدائی طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے دستیاب ہوگی۔
سپریم کورٹ کو رجسٹری سے بذریعہ ویڈیو لنک منسلک کرنے کے بعد عدالت عظمیٰ کے ججز اسلام آباد میں بیٹھ کر مقدمات کی سماعت کرسکتے ہیں اور کراچی رجسٹری سے وکلا دلائل دے سکتے ہیں۔