وزیر سیفران شہریار آفریدی نے اپوزیشن ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمران خان کی طرح ایک ایک روپے کا حساب دیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت جاری ہے، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور سابق صدر آصف زرداری بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں شہریار آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقدس شخصیات قانون سے بالاتر نہیں تو یہ کیوں ڈر رہے ہیں، عمران خان نے اپنی ذات سے احتساب شروع کیا، تمام لیڈران عمران خان کی طرح ایک ایک روپے کا حساب دیں، قائدین کا دفاع کرنے والے بتائیں انکے لیڈر کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی۔
وزیر سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا کہ میرا سوال ہے کہ آج پاکستان کو مقروض کس نے کیا؟ اشرافیہ نے پاکستان میں علاج کروانے کے بجائے یورپ کو ترجیح دی۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ کون اداروں اور فوج کو برا بھلا کہتا ہے؟ یہ سوچنے کی بات ہے، اب سندھ کارڈ اور بلوچستان کارڈ نہیں چلے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں مسلمان زیر عتاب ہیں، مغربی ممالک ہم سے آگے ہیں،مغربی ممالک نے مسلمانوں کے اصولوں کو اپنا لیا ہے جبکہ مسلمان سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں پسماندہ رہ گئے ہیں۔