کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 27 سال بعد عالمی کپ کے فائنل کھیلنے کا موقع حاصل کیا، اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اتوار کو ٹرافی کے حقدار کی جنگ لڑیں گے، انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 224 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں جونی بیرسٹو اور جیسن رائے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر حریف بولرز پر اپنی دھاگ بٹھائی، اس دوران جیسن رائے نے اسٹون اسمتھ کو تین لگاتار چھکے بھی لگائے اور نصف سنچری اسکور کی۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ جونی بیرسٹو کی صورت میں گری جو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیسن رائے 85 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ 147 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور 33 ویں اوور میں 224 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جوئے روٹ اور مورگن 33،33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے مچل اسٹارک بھی ہدف کا دفاع کرنے میں خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے البتہ ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی جس کے لیے انہیں 64 رنز کی پٹائی کھانی پڑی جب کہ کمنز نے بھی ایک شکار کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیویڈ وارنر نے کیا تاہم دونوں اوپنر صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد پیٹر ہینڈز کومب بھی صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 103 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد اسٹوئنس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم آسٹریلیا کو گلین میکسوئل سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی 22 رنز ہی بناسکے۔
پیٹ کمنز 6 اور مچل اسٹارک 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ اسٹیو اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم وہ آخری لمحات میں 85 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے 3،3 جب کہ جوفرا آرچر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔