لاہور: پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی(پی آئی سی) میں وکلا کی توڑ پھوڑ کے چھ روز بعد سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز اور عملے نے اوپی ڈی میں کام شروع کر دیا ہے تاہم ان کو پولیس کی سیکیورٹی دی گئی ہے جب کہ ایمرجنسی میں رینجرز کے اہلکار موجود ہیں۔
مریضوں کو انجیو گرافی، ایکو کارڈیوگرافی سمیت ٹیسٹوں کی دیگر سہولیات بھی دی جا رہی ہیں۔ ہنگامہ آرائی کے ایک روز بعد ایمرجنسی اور اس کے بعد ان ڈور سروس بحال ہو گئی تھی۔
آوٹ ڈور جہاں پہلے صرف میڈیسن کاونٹر کھولا گیا تھا اب وہاں مریضوں کو تشخیص کے ساتھ انجیو گرافی اور ایکو کارڈیو گرافی سمیت علاج معالجے کی دیگرسہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
آوٹ ڈور وارڈ کی بندش کے باعث مریض نجی اسپتال سے مہنگے داموں ضروری ٹیسٹ کرواتے رہے۔
شہری کہتے ہیں کہ حکومت ایسے معاملات پر اپنی پالیسی واضح کرے تاکہ آئندہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔