اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ سے منسوب گفتگو پر سپریم کورٹ نے وضاحت جاری کر دی۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر نشر کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ چیف جسٹس نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کے ساتھ ملاقات کی۔
ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ جو خبر نشر کی گئی وہ بغیر کسی ذرائع کے دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ماضی میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کیس کے مختلف پہلوؤں کی سماعت کی تاہم چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو کوئی احکامات جاری نہیں کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو خبریں چلائی گئیں وہ بے بنیاد اور غلط ہیں جن کی وضاحت دینا ضروری تھا۔
ترجمان نے امید کا اظہار کیا کہ ان خبروں کی وضاحت نشر کی جائے گی اور مستقبل میں درست رپورٹنگ کی جائے گی۔