اسلام آباد:وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی 12لاکھ ڈوزیز خریدی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کیا ہے۔ ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔
وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو کرسکتا ہے۔ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد موثر ہے۔
قبل ازیں امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔
روس نے بھی پاکستان کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اسپتنک فائیو دینے کی پیشکش کی ہے۔
اس ضمن میں حتمی جائزے کے لیے ملنے والی پیشکش وفاقی وزارت صحت کو بھجوا دی گئی ہے اور اسکی منظوری وفاقی وزارت صحت دے گی۔
متوقع ویکسین کی ملک میں بروقت دستیابی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا ویکسین مؤثر اور کم قیمت ہو تاکہ جلد ازجلد اس کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد10 ہزار 105 ہوگئی ہے اور 4لاکھ 79 ہزار 715 افراد متاثر ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا مثبت کیسزکی شرح5.92 فیصد ہوگئی ہے۔ کراچی میں کورونا مثبت کیسزکی شرح زیادہ 13.84 فیصد ہے۔