کراچی میں سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے بعد دوبارہ کھل گئے۔گزشتہ ہفتے کراچی سمیت پورے سندھ میں سی این جی کی بندش ہونے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ سی این جی اسٹیشن پیر کی صبح 8 بجے بند کیے گئے تھے۔
اس سے قبل بھی ایک ہفتے تک صوبے میں سی این جی اسٹیشنز بند رہے تھے، جب سوئی سدرن گیس کمپنی نے غیرمعینہ مدت تک گیس سپلائی بند کردی تھی۔
سوئی سدرن کمپنی نے گیس فیلڈز میں خرابی کا دعویٰ کیا تھا جس سے انڈسٹریز اور رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی۔
سی این جی بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہوگیا تھا، جس کے باعث اسکول،کالج، یونیورسٹی اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ گیس کی بندش کے باعث سندھ میں 70 فیصد صنعتیں بھی بند ہوگئی تھیں۔
بعدازاں سندھ میں گیس بحران پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے کر سوئی سدرن و ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کردیا تھا جبکہ دونوں کمپنیوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی گئیں۔