پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے میچ میں باآسانی 26 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نہ صرف 0-3 کی برتری حاصل کی بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کے تجربہ کار اوپنرز نے 37 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ہینری نے فخر زمان کو 19 کی انفرادی اننگز تک محدود کردیا۔
اس کے بعد کپتان بابراعطم نے 58 گیندوں پر ایک روزہ کیریئر میں اپنی 26ویں نصف سنچری مکمل کی۔
بابراعظم دوسری وکٹ پر 108 رنز کی اچھی شراکت قائم کرنے کے بعد ہینری کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم انہوں نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
عبداللہ شفیق کو بیٹنگ کا موقع ملا تاہم وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 23 گیندوں پر صرف 19 رنز بنا کر 182 کے اسکور پر امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے۔
امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 107 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز بنائے اور 10 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
تجربہ کار اوپنر 38 ویں اوور کی آخری گیند پر ملنے کو وکٹ دے گئے اور اس وقت پاکستان کا اسکور 192 رنز تھا۔
محمد رضوان اور آغا سلمان نے کسی حد تک رنز بنانے کی رفتار تیز کردی اور ٹیم کا مجموعہ 46 اوورز میں 246 رنز تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز آغا سلمان تھے، جنہوں نے 29 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے تھے، وہ ہینری کی تیسری وکٹ بنے۔
محمد رضوان نے ایک چھکے کی مدد سے 34 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی اور 261 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔