پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد میں درج مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی آج عدالتوں میں پیشی کیلئے اسلام آباد آئیں گے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 190 ملین پاونڈز اسکینڈل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کریں گے۔
توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت بھِی احتساب عدالت میں ہوگی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نو مئی واقعات اور جوڈیشل کمپلیکس حملے سمیت دیگر انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت درج کیسز میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گی۔
عمران خان کی ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس قابل سماعت دینے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی اپیل پر سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہی عمران خان کی سیشن عدالت میں جاری 6 کیسز دوسری عدالت کو منتقل کرنے اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمہ دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواستوں پر بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں۔