کراچی: محکمہ موسمیات نے کل سے 24 جولائی تک کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون ہوائیں آج شام سے مشرقی سندھ میں داخل ہوسکتی ہیں، سسٹم کے زیر اثر 20 سے24 جولائی کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ان دنوں میں کراچی میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ مون سون کے دوسرے اسپیل میں کراچی کے بیشتر مقامات پر ہلکی اورکہیں معتدل بارش کا امکان ہے تاہم بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 24 یا 25 جولائی سے ایک بار پھر مون سون سسٹم کے زیر اثر بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہےکہ کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہےگا جب کہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 جولائی سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 30 جولائی تک جاری ہے گا اور یہ سسٹم دو فیز کی صورت میں اثرانداز ہوگا، 24 جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے فیز میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان رہےگا۔