کراچی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ایم کیو ایم کا کارکن قرار دے دیا۔
ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پارک کے افتتاح پر آمنے سامنے آگئیں، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چائنہ کٹنگ فیز ٹو کے لے گورنر کامران ٹیسوری نے رؤف صدیقی کے ساتھ پارک کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں پھر چائنہ کٹنگ ماسٹر طاقتور ہوگئے ہیں، کان کھول کر سن لیں قبضہ مافیا کو چلنے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب گورنر سندھ نے بھی کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حافظ صاحب! چائنہ کٹنگ کے ذریعے میئر کراچی تو آپ بننا چاہتے تھے کس طرح رات کے آخری پہروں میں میرے پاس آئے تھے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اگر اتنا ہی تختی لگانے کا شوق ہے تو نادرا کو خط لکھ کر کہتا ہوں کہ آپ کا نام تبدیل کرکے میئر حافظ نعیم الرحمان رکھ دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اب پتا چل گیا کہ ہر بھتےمیں ایم کیو ایم کا حصہ تھا، البتہ ان کے غبارے میں اب ہوا نہیں بھری جا سکتی، کراچی اور حیدرآباد کے عوام اب ایم کیو ایم کو مسترد کر رہے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کیخلاف 6 اکتوبر کو سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے، دھرنے کا دورانیہ بیٹھنے کے بعد ہی طے کریں گے جب کہ پرامن احتجاج ہی مسائل کا حل ہے۔