اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں جبالیا کیمپ پر وحشیانہ حملے میں 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے جس سےغزہ میں 26روزسے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8ہزار 648ہوگئی ہے جبکہ محصورعلاقے میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس کی دوبارہ بندش کا بھی سامنا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں تاحال 22ہزار سے زائد لوگ زخمی ہو چکےہیں جبکہ فلسطینی ٹیلی کمیونی کیشن پال ٹیل کی غزہ میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سعودی عرب نے جبالیا کیمپ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ادھرعرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کے جبالیا کیمپ پر وحشیانہ حملے میں 50 سے زائد فلسطینی شہید گئے ہیں جس میں ایک غیر ملکی انجینئر کے خاندان کے 19 افراد بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے جبالیا کیمپ پر600 ٹن بارودی موادگرایا گیا۔
اس کے علاوہ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں پربھی فضائی حملوں کیے جس میں مزید8 فلسطینی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیل نے حملوں میں وائٹ فاسفورس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 40 زخمی ہو گئے۔