سپریم کورٹ نے حسین حقانی کے خلاف میمو گیٹ اسکینڈل کیس نمٹا دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ افواج پاکستان، جمہوریت اور آئین پاکستان کمزور نہیں بلکہ بہت مضبوط ہیں، لہذا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں.
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے میمو گیٹ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہیں؟، 8 سال سے یہ کیس التوا کا شکار ہے، اگر درخواست گزار نہیں آتے تو ہم کیوں اپنا وقت ضائع کریں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیس پڑھ کر بہت حیرت ہوئی، مملکت خداداد پاکستان اتنی کمزور نہیں کہ ایک میمو سے لڑ کھڑا جائے، افواج پاکستان، جمہوریت اور آئین پاکستان کمزور نہیں بلکہ بہت مضبوط ہیں، لہذا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ حسین حقانی کی گرفتاری یا حوالگی ریاست کا معاملہ ہے، میمو کے حوالے سے درخواستیں عجلت میں دائر کی گئیں جبکہ سپریم کورٹ کا کیس سے فی الحال کوئی تعلق نہیں رہا۔
عدالت نے سماعت کے بعد میمو گیٹ اسکینڈل کیس نمٹادیا۔