کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی آئیڈیاز 2018ء نمائش کے لئے ٹریفک پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایسکپو سینٹر میں ہونے ولای دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے لئے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے۔ آئیڈیاز نمائش کل سے شروع ہو گی جو 30 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی، اس حوالے سے شہری کسی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔دفاعی نمائش کے 4 دن اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ کو صبح 7 بجے سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا، جبکہ شام 6 بجے کھول دیا جائے گا، رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا علاقے میں جا سکیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کے لبے بند ہو گا، شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جا سکے گی۔
براؤن رنگ اور زرد رنگ کی پٹی والے بیریئر عام پبلک کے لیے بند ہوں گے جبکہ آسمانی رنگ اور میرون پٹی والے بیریئر سے ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ بھیجا جائے گا۔
پلان کے مطابق کسی بھی قسم کے ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر، نیپا چورنگی، میلینیئم اور کارساز سے متبادل راستہ دیا جائے گا۔لیاقت آباد، غریب آباد سے کارساز آنے والی عام ٹریفک کو صہبا اختر روڈ کی طرف موڑا جائے گا، صہبا اختر سے ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ یو ٹرن سے کے ڈی اے سوسائٹی کی طرف بھیجا جائے گا۔
نیو ٹاؤن سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد جانے دیا جائے گا صرف مخصوص اسٹیکر لگی ہوئی گاڑیاں اسٹیڈیم روڈ سے کراچی ایکسپو سینٹر کی طرف جائیں گی، جہاں وہ مخصوص پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی اور عام ٹریفک کو اسٹیڈیم پل سے اسٹیڈیم روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، تمام روٹس اور راستوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔