پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔
پشاور زلمی 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد ایک رن بناکر ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
واٹسن اور احسن علی نے 111 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 114 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 71 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، شین واٹسن 71، احسن علی 46 اور عمر اکمل 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، ثمین گل اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم پہلی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری اور کامران اکمل 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مستحکم آغاز کے باوجود 90 کے مجموعی اسکور پر زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی تاہم پولارڈ اور کپتان سیمی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 83 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
دونوں کھلاڑیوں کی پارٹنرشپ کے باوجود زلمی کامیابی سے ہدف کا تعاقب نہ کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔
زلمی کی جانب سے ڈیرن سیمی 46، پولارڈ 44 اور امام الحق 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کوئٹہ کے محمد حسنین نے 2، روسو، احسن علی، واٹسن اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گلیڈی ایٹرز نے کوالیفائر میں فتح کے ساتھ ہی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ٹیم تیسری بار فائنل کھیلے گی تاہم کوئٹہ اب تک کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔
کوالیفائر میں شکست کا سامنا کرنے والی ٹیم کے پاس فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک اور موقع ہوگا اور اب پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کل ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔