اسلام آباد: فیس بک نے دنیا کی مقبول ترین اینیمیٹڈ تصاویر شیئر کرنے والی کمپنی گفی کو بھی خرید لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیس بک نے گفی کمپنی کے حصص 4 سو ملین ڈالرز میں خرید کر اس کی ملکیت حاصل کرلی، جس کے بعد دنیا کی تین بڑی کمپنیاں انسٹاگرام، واٹس ایپ، گفی فیس بک کی زیر ملکیت آگئی ہیں۔
فیس بک نے گفی کمپنی کے حصص خریدنے کی کوشیش 2015 سے شروع کیں اور پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد کمپنی اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
فیس بک نے گفی کو خرید کر اسے فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام کا حصہ بنا دیا ہے یعنی صارفین اب چند روز میں اینیمیٹڈ تصاویر بھی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کرسکیں گے۔
فیس بک کے پراڈکٹ شعبے کے نائب صدر وشال شاہ نے ایک بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘انسٹاگرام اور گفی کو اکٹھا کرکے ہم لوگوں کے لیے اسٹوریز اور ڈائریکٹ میں بہترین گفس اور اسٹیکرز کی تلاش کو آسان بنارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گفی اے پی آئیز کو میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر برسوں سے سپورٹ فراہم کررہی تھی۔ فیس بک کے مطابق صرف انسٹاگرام سے ہی گفی کے روزانہ ٹریفک کا 25 فیصد حصہ آتا ہے جبکہ دیگر سروسز سے مزید 25 فیصد ٹریفک اس سروس کو ملتا ہے۔