اسلام آباد مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف جب بھی بلائیں گے میں جاؤں گا لیکن اس مرتبہ انتخابات نہیں لڑوں گا۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مسلم لیگ ن سے کوئی استعفیٰ نہیں دیا ہے اور انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ٹکٹ کے لیے بھی اپلائی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دینے کا مطلب یہ نہیں کہ میں پارٹی کے ساتھ نہیں ہوں لیکن آج کل جو سیاست ہو رہی ہے میں اس سے مطمئن نہیں ہوں۔ پاکستان میں مزید سیاسی جماعتیں بھی بنیں گے اور اس کی گنجائش بھی موجود ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے ملک کو کچھ نہیں دیا ہے اور اگر نواز شریف انتخابات لڑیں گے تو ان کو میری ضرورت نہیں ہو گی جبکہ نواز شریف کو میں نے واضح طور پر بتا دیا تھا کہ اس مرتبہ انتخابات لڑنا ممکن نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اقتدار کو جو راستہ اپنایا گیا ہے میں اس سے اتفاق نہیں کرتا کیونکہ سیاست صرف عوام کے لیے کرنی چاہیے اقتدار کی سیاست ہمیشہ ناکام ہوتی ہے۔ لوگوں کو سلیکٹڈ کر کے اوپر لائیں گے تو سیاست اور ملک کو نقصان ہو گا جبکہ ایسا کرنے والے بھی نقصان اٹھاتے ہیں۔