2 مرتبہ ٹورنامنٹ چیمپیئن آسٹریلیا نے آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنے ابتدائی 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، اس اعلان کی خبر ان کے کپتان پیٹ کمنز کی واپسی کے باعث سرخیوں میں شامل ہے۔
حال ہی میں اس بات کی تصدیق کے بعد کہ پیٹ کمنز ٹخنے کی تکلیف کی وجہ سے اس ماہ کے آخر میں ٹیسٹ ٹیم کے ہمراہ سری لنکا کا سفر نہیں کر رہے ہیں، وہ پاکستان میں کھیلے جانیوالی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
میٹ شارٹ اور ایرون ہارڈی کو آئی سی سی ایونٹ کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جب کہ تیز رفتار نیتھن ایلس نے بھی اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔
بنیادی طور پر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی فاتح آسٹریلوی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ڈیوڈ وارنر ریٹائرمنٹ جبکہ کیمرون گرین اپنی کمر کی سرجری کے باعث اس مرتبہ ٹیم میں شامل نہیں جبکہ شان ایبٹ ڈراپ کردیے گئے ہیں۔
سلیکشن چیئر جارج بیلی کا کہنا تھا کہ اعلان کردہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں پیش آنے والے حالات کے لحاظ سے ٹورنگ مینجمنٹ کے لیے مختلف اختیارات پیش کرتا ہے۔
آسٹریلیا کا ابتدائی اسکواڈ: پیٹ کمنز (کپتان)، ایلکس کیری، نیتھن ایلس، ایرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، مچل مارش، گلین میکسویل، میٹ شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا۔
ناتھن ایلس کو ہوبارٹ ہریکینز کا حصہ ہوتے ہوئے بگ بیش لیگ کی مضبوط فارم کا صلہ ملا ہے، ہوبارٹ ہریکینز نے آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
آل راؤنڈرز میٹ شارٹ اور ایرون ہارڈی سلیکٹرز کو پاکستان میں کافی استعداد فراہم کریں گے، جبکہ ناتھن ایلس ایک موثر تیزرفتار بولر ہیں جو سفید گیند سے کھیل کا آغاز اور اختتام کر سکتے ہیں۔
نومبر 2023 میں ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد میٹ شارٹ کا آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک روزہ بین الاقوامی اہم مقام رہا ہے، جبکہ ایرون ہارڈی 50 اوور کی کرکٹ میں 11 بار آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔