پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے والوں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر گئی
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز ملک میں 8 لاکھ 90 ہزار 980 افراد کو ڈوز لگائی گئی۔ ملک بھر میں اب تک 7 کروڑ 4 لاکھ 2 ہزار 987 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہے۔
دوسری جانب این سی او سی ویکسینیشن نہ کروانے والوں پر پابندیاں مزید سخت کر دیں ہیں۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر نے گزشتہ روز پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانےوالے30ستمبر سےفضائی سفر نہیں کرسکیں گے۔
شاپنگ سنٹرز میں بھی داخلہ بند، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں بکنگ بھی نہیں کراسکیں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب پابندیاں ان افراد پر لگائی جائیں گی جو کورونا کی ویکسین نہیں لگوا رہے۔ ویکسی نیشن کرانےوالوں کو پارک اور جم جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ کورونا کے خلاف ویکسینیشن کو بڑھانے کے لیےنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے عمر کی حد 15سال کرتے ہوئے 15تا 18سال کے بچوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 18 سال تک کے بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ب فارم لازمی ہو گا۔
این سی او سی کے مطابق تمام مرکزی ویکسی نیشن مراکز پر فائزر ویکسین دستیاب ہو گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا یہ بھی کہنا ہے کہ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں اسکولوں اور کالجوں میں ویکسی نیشن کریں گی۔
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 73 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار938 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار714 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ12 ہزار809ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ایک ملک بھر میں 56 ہزار 733 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 4.78فیصد رہی۔