صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں 6.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے جبکہ کئی مقامات پر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات 9 بجکر 47 منٹ پر آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 محسوس کی گئی۔
زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا جس کی گہرائی 180کلومیٹر تھی۔
ابھی تک زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ زلزلے کے یہ جھٹکے 30سیکنڈ سے زائد دیر تک محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس دوران لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور قرآن کی تلاوت شروع کردی۔
زلزلے کے یہ جھٹکے اسلام آباد، لاہور، پشاور، جہلم، شیخوپورہ، سوات، نوشہرہ، ملتان، شانگلہ، کوئٹہ، بہاولپور ،لودھراں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ ،اسکردو اور چلاس سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔