وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا اعلان کرتے ہوئے قوم سے جمعے کو ملک گیر احتجاج کی اپیل کردی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہو۔
اجلاس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیا گیا اور وزیراعظم نے 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کیا۔
سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 7 جولائی کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔
انہوں نے کہا کہ جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاج کیا جائے اور ریلیاں نکالی جائیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے، پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کی جائے۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو جمعے کو یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پارٹی کو ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی عزت و حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے لیے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کا منفی رجحان پھیلا کر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔