عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد کی ملک میں موجود بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات طے پاگئی، آج اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے نمائندے کی طرف سے بیان جاری کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے وفد کی آج پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات ہوگی۔
نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے وفد کی بڑی سیاسی جماعتون سے ملاقات کا مقصد عام انتخابات سے قبل آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے اِن کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔
آئی ایم ایف نمائندے نے مزید بتایا کہ آج آئی ایم ایف کا وفد پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم آج سہ پہر زمان پارک میں چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرے گی۔ پی ٹی آئی اقتصادی ٹیم اور آئی ایم ایف ٹیم بات چیت کیلئے ذاتی اور عملی طور پر شامل ہوں گی۔
حماد اظہر نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی اقتصادی ٹیم کو آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر حمایت لینے کیلئے رابطہ کیا ہے۔